ناشتے کے اوقات سے وزن میں کمی لانا ممکن؟
Breakfast Tray
لاہور:(ویب ڈیسک)ماہرین صحت کہتے ہیں کہ ناشتہ دن کی سب سے اہم غذا ہے اور صبح سویرے پیٹ بھر کر ناشتہ کرنا جسمانی وزن میں کمی لانے میں کافی حد تک مددگار ثابت ہوتا ہے۔

اسپین میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیقی میں یہ بات عیاں ہوئی ہے کہ ناشتہ کرنے کا وقت صحت کیلئے بہت اہم ہوتا ہے۔

بارسلونا انسٹیٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ کی جانب سے کی جانے والی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جسمانی وزن میں کمی لانے کیلئے نہ صرف ناشتہ بہت ضروری ہے بلکہ کھانے کے وقت کا خیال رکھنا بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

تحقیق میں کہا گیا کہ 2 عادات طویل المعیاد بنیادوں پر جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد دیتی ہیں،رات کو زیادہ وقت تک خالی پیٹ رہنا اورصبح  جلدی ناشتہ کرنا،یہ ایسی عادات ہیں جو وزن میں کمی کا باعث بن سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ اس تحقیق میں 40 سے 65 سال کی عمر کے 7 ہزار سے زیادہ افراد کو شامل کیا گیا تھا،2018 میں ان افراد سے ایک سوالنامہ حل کرا کے ان کے جسمانی وزن، قد، غذائی عادات، کھانوں کے اوقات، طرز زندگی کی عادات اور سماجی و معاشی حیثیت کے بارے میں تفصیلات پوچھی گئیں۔ان افراد کی صحت کا جائزہ تقریباً پانچ سال تک لیا گیا اور 2023 میں دوبارہ سے ان کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔

مطلوبہ نتائج سے یہ عیاں ہوا  کہ رات بھر کے فاقے اور صبح جلد ناشتہ کرنے سے جسمانی وزن میں کافی حد تک کمی نوٹ کی گئی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ رات کا کھانا اور صبح جلدی ناشتہ کرنے سے جسمانی گھڑی کے افعال کو درست رکھنے میں بھی مدد حاصل ہوتی ہے،جس سے زیادہ کیلوریز کو جلانے اور بھوک کی اشتہا کو کنٹرول میں رکھنا ممکن ہو جاتا ہے۔اس طرح صحت مند جسمانی وزن برقرار رکھنا بھی کسی حد تک آسان ہو جاتا ہے۔

واضح رہے کہ اس تحقیق کے نتائج جرنل Behavioral Nutrition and Physical Activity میں شائع ہوئے ہیں۔