دیوار پر ٹانگیں اٹھا کر لیٹنے کے زبردست فوائد
August, 30 2024
لاہور:(ویب ڈیسک)کیا آپ جانتے ہیں کہ صرف 5 منٹ تک اپنی ٹانگیں دیوار کے ساتھ بلند کرنے سے بھی آپ کو صحت کے بہت سے فوائد مل سکتے ہیں؟
آج کل کے مصروف اور تناؤ بھرے طرز زندگی میں لوگ اپنی صحت کا خیال رکھنے کے لیے مختلف تدابیر اختیار کرتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ صرف 5 منٹ کے لیے دیوار پر ٹانگیں اونچا کرنے سے آپ صحت کے بہت سے فوائد حاصل کر سکتے ہیں؟ یہ یوگا کا ایک حصہ ہے جو نا صرف جسم کو سکون دیتا ہے بلکہ ذہنی سکون اور جسمانی طاقت بھی فراہم کرتا ہے۔
آئیے جانتے ہیں دیوار سے ٹانگیں اٹھانے کے چار حیرت انگیز فوائد کے بارے میں۔
تناؤ اور تھکاوٹ کو دور کرتا ہے:
دن بھر کی ہلچل اور تناؤ بھرے طرز زندگی کی وجہ سے تھکاوٹ محسوس کرنا فطری ہے۔ اپنی ٹانگیں دیوار کے ساتھ 5 منٹ تک اٹھانے سے جسم اور دماغ کو سکون ملتا ہے۔ اس یوگا آسن سے جسم کے نچلے حصے میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے اور دماغ کو زیادہ آکسیجن ملتی ہے۔ اس سے ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے اور آپ جسمانی اور ذہنی طور پر تازگی محسوس کرتے ہیں۔
خون کی گردش کو بہتر بناتا ہے:
اس آسن کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ خون کی گردش کو بہتر بناتا ہے۔ جب آپ اپنی ٹانگیں دیوار کے ساتھ لگاتے ہیں تو کشش ثقل کی وجہ سے آپ کی ٹانگوں میں خون کا بہاؤ دل میں واپس آجاتا ہے۔ یہ عمل خون کی گردش کو ہموار کرتا ہے اور ٹانگوں میں سوجن یا بھاری پن کا مسئلہ دور کرتا ہے۔ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو دیر تک بیٹھے یا کھڑے ہو کر کام کرتے ہیں، یہ آسن بہت فائدہ مند ہے۔
نظام ہاضمہ کو مضبوط کرتا ہے:
یہ آسن نظام ہضم کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ ٹانگیں اٹھانے سے پیٹ کے اعضاء پر ہلکا سا دباؤ پڑتا ہے جس سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے۔ یہ آسن پیٹ کے مسائل جیسے گیس، قبض اور تیزابیت سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس آسن کو باقاعدگی سے کرنے سے میٹابولزم بھی بہتر ہوتا ہے جس سے آپ کا وزن کنٹرول میں رہتا ہے۔
نیند بہتر کرتا ہے:
اگر آپ کو نیند نہیں آتی یا نیند کا معیار خراب ہے تو یہ آسن آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ اپنے پیروں کو دیوار کے ساتھ لگانا جسم اور دماغ کو پرسکون کرنے میں مدد کرتا ہے، تاکہ آپ بہتر سو سکیں۔ یہ آسن اعصاب کو سکون دیتا ہے اور تناؤ کو کم کرتا ہے، جس کی وجہ سے آپ کو گہری اور پرسکون نیند آتی ہے۔
یہ آسن کیسے کریں؟
اس آسن کو کرنے کے لیے پہلے کسی پرسکون اور آرام دہ جگہ کا انتخاب کریں۔ دیوار کے قریب بیٹھ کر آہستہ آہستہ اپنی ٹانگیں دیوار پر اٹھائیں اور اپنے جسم کو اپنی پیٹھ پر لٹائیں۔ آپ کے کولہے دیوار کے ساتھ لگنے چاہیں اور آپ کی ٹانگیں دیوار کے ساتھ سیدھی ہونی چاہیں۔
اب اپنے ہاتھوں کو اپنے جسم کے اطراف میں رکھیں اور گہری سانس لیں۔ 5 منٹ تک اس پوزیشن میں رہیں اور پھر آہستہ آہستہ نارمل پوزیشن پر آئیں۔