ترکیہ کے معروف اداکار سیرحات مصطفی کلیچ اپنے گھر میں مردہ پائے گئے
ترک میڈیا کے مطابق کلیچ سے گزشتہ چند روز سے رابطہ نہیں ہو رہا تھا۔ ان کی گرل فرینڈ نے گھر پہنچ کر انہیں بے ہوش حالت میں پایا، جس کے بعد ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی گئی۔ طبی عملے نے موقع پر ہی اداکار کی موت کی تصدیق کردی۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اداکار کے جسم پر کسی کھلے زخم یا واضح تشدد کے نشانات نہیں تھے تاہم بعض رپورٹس میں آنکھوں کے گرد، بازوؤں اور ٹانگوں پر مبینہ طور پر نیل پڑنے کے نشانات کا ذکر کیا گیا ہے، اس حوالے سے ترک حکام کی جانب سے حتمی وضاحت سامنے نہیں آئی۔
سیرحات کلیچ کی موت کو فی الحال مشکوک موت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور پولیس نے تحقیقات شروع کرتے ہوئے ان کی میت کو فرانزک کے لیے بھی بھیج دیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جاسکے۔
سیرحات کلیچ کی گرل فرینڈ نے پولیس کو بتایا تھا کہ اداکار لمف کینسر میں مبتلا تھے تاہم، ان کی بیماری اور موت کے درمیان براہِ راست تعلق کی ابھی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے موت کی وجہ کو فی الحال بیماری قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔
سیرحات مصطفی کلیچ 8 جولائی 1975 کو انقرہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1994 میں بِلکینٹ یونیورسٹی کے میوزک اینڈ پرفارمنگ آرٹس فیکلٹی کے شعبہ تھیٹر میں داخلہ لیا اور 1998 میں گریجویشن کیا، ان کا پیشہ ورانہ تھیٹر کیریئر انقرہ سٹی تھیٹر سے شروع ہوا۔
وہ تقریباً تین دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں تھیٹر، ٹیلی ویژن، فلم، ریڈیو اور موسیقی کے شعبوں سے وابستہ رہے، انہیں ترک ڈرامہ کرولس عثمان اور فلموں میں مختلف کرداروں کے باعث خاص شہرت حاصل ہوئی۔