راولپنڈی: بغیر ڈرائیور جیپ چلانے والا ٹک ٹاکر گرفتار
ٹک ٹاکر گرفتار
راولپنڈی میں مری روڈ پر بغیر ڈرائیور کے چلتی جیپ کی ویڈیو بنانے اور اسے ٹک ٹاک پر وائرل کرنے والے ٹک ٹاکر کو گرفتار کیا گیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) راولپنڈی میں مری روڈ پر بغیر ڈرائیور کے چلتی جیپ کی ویڈیو بنانے اور اسے ٹک ٹاک پر وائرل کرنے والے ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے انتہائی خطرناک انداز میں گاڑی چلاتے ہوئے خود گاڑی سے اتر کر ساتھ ساتھ چلتے ہوئے ویڈیو بنائی، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ کمیٹی چوک کے قریب پیش آیا، جہاں ملزم نے عوامی سڑک پر ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی اور دیگر شہریوں کی جان خطرے میں ڈالی۔ ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد ٹریفک حکام نے فوری نوٹس لیا۔

یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ کے لیجنڈ دھرمیندر انتقال کر گئے

اس واقعے پر چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے سخت ایکشن لیتے ہوئے کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ ہدایت پر راجہ خرم کی سربراہی میں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس کی جیپ بھی تحویل میں لے لی گئی۔

چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، کیونکہ اس اقدام سے نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہوئی بلکہ عوامی تحفظ کو بھی شدید خطرہ لاحق ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر شہرت کے لیے اس قسم کے خطرناک اسٹنٹس کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے لیے جان لیوا حرکات سے گریز کریں اور قوانین کی پابندی کریں، کیونکہ ایسی کارروائیوں پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔