بھارتی میڈیا کے مطابق دھرمیندر گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور سانس کی شدید مشکلات کے باعث انہیں اسپتال داخل کرایا گیا تھا۔
ان کی اہلیہ اداکارہ ہیما مالنی اور بیٹی ایشو دیول نے ان کے آخری لمحات میں ان کے ساتھ وقت گزارا۔ فلمی شخصیات امیتابھ بچن، ابھیشک بچن اور عامر خان بھی شمشان گھاٹ پہنچے تاکہ انہیں خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ دھرمیندر نے اپنی شاندار اداکاری کا آغاز 1958 میں فلم دل بھی تیرا ہم بھی تیرے سے کیا اور جلد ہی اپنے منفرد انداز اور جاذب نظر پرفارمنس کی بدولت ناظرین کے دلوں پر چھا گئے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 306 فلموں میں کام کیا اور بلاک بسٹر فلموں میں یادگار کردار تخلیق کیے۔
یہ بھی پڑھیں:سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز کے بھائی خالق حقیقی سے جا ملے
ان کی یادگار فلموں میں شعلے، چپکے چپکے، دھرم ویر، سیتا اور گیتا، یادوں کی بارات شامل ہیں، جن کے ذریعے انہوں نے بھارتی سینما میں ایک ناقابل فراموش مقام حاصل کیا۔ دھرمیندر کو مین آف انڈین سنیما کے لقب سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔
دھرمیندر کا کیریئر چھ دہائیوں پر محیط رہا، جس دوران انہوں نے ایکشن، کامیڈی اور جذباتی ڈراموں میں شاندار اداکاری پیش کی۔ ان کی قدرتی دلکشی اور ورسٹائل پرفارمنس نے انہیں بھارتی سنیما کے امر ستاروں میں شامل کر دیا۔