بالی ووڈ کے سینئر اداکار گوردھن اسرانی انتقال کرگئے
Asrani death news
فائل فوٹو
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار گوردھن اسرانی طویل علالت کے بعد 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ان کے مینیجر بابو بھائی تھیبا نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار نے ممبئی میں آخری سانس لی، ان کی آخری رسومات اہلِ خانہ کی موجودگی میں ادا کی گئیں۔

اسرانی نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1960 کی دہائی میں کیا اور پانچ دہائیوں سے زائد عرصے تک بالی ووڈ میں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے 350 سے زائد فلموں میں اداکاری کی اور اپنے مزاحیہ، سنجیدہ اور معاون کرداروں کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں خاص مقام بنایا۔

ان کا فلمی کیریئر 1970 کی دہائی میں عروج پر پہنچا، جب انہوں نے میرے اپنے, کوشش, باورچی, چپکے چپکے, چھوٹی سی بات اور رفو چکر جیسی یادگار فلموں میں کردار نبھائے، تاہم 1975 کی بلاک بسٹر فلم شعلے میں ان کا جیلر کا کردار آج بھی بھارتی سینما کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش حصہ سمجھا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:معروف پنجابی گلوکار خان صاحب کے والد خالقِ حقیقی سے جا ملے

 

اداکاری کے علاوہ اسرانی نے ہدایت کاری اور فلم نویسی کے میدان میں بھی قدم رکھا۔ انہوں نے 1977 میں چلا مراری ہیرو بننے لکھی اور ڈائریکٹ کی، جبکہ 1979 میں سلام میم صاحب کی ہدایت کاری بھی کی۔

گوردھن اسرانی کے انتقال پر فلم انڈسٹری کے بڑے ناموں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، جبکہ مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کے مشہور ڈائیلاگز اور کرداروں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔