ابھرتی ہوئی پاکستانی ماڈل رومیسا سعید ٹریفک حادثے میں جاں بحق
 ابھرتی ہوئی پاکستانی ماڈل و ٹک ٹاکر رومیسا سعید ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئیں۔
فائل فوٹو
فیصل آباد: (ویب ڈیسک) ابھرتی ہوئی پاکستانی ماڈل و ٹک ٹاکر رومیسا سعید ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں رومیسا سعید کی گاڑی کو فیصل آباد میں خوفناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں، انہیں علاج معالجہ کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

کئی روز موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد آج 17 اکتوبر کو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئیں، رومیسا سعید کی نماز جنازہ فیصل آباد میں ہی ادا کی گئی جب تدفین کے لیے ان کی میت کو ان کے آبائی شہر ننکانہ صاحب منتقل کیا گیا۔

ماڈل رومیسا خان کی تدفین ننکانہ صاحب کے علاقہ کے مقامی قبرستان میں کی گئی جس میں ان کے اہلخانہ ، عزیز و اقارب اور فیشن انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی، ان کے انتقال پر شوبز اور فیشن سے وابستہ شخصیات نے اظہار افسوس بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: معروف پنجابی گلوکار خان صاحب کے والد خالقِ حقیقی سے جا ملے

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی نوجوان ماڈل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعائیں کی گئیں۔

خیال رہے کہ رومیسا سعید نے چند برس قبل ہی فیشن ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھا تھا اور ان کا شمار ابھرتی ہوئی ماڈلز میں ہوتا تھا، وہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک دکھائی دیتی تھیں۔

رومیسا لاہور اور کراچی سمیت دیگر شہروں میں منعقد ہونے والے چند فیشن شوز میں بھی شریک ہوئی تھیں اور انہیں مستقبل کی سپر ماڈل کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔