ڈکی بھائی کے بعد سوشل میڈیا انفلوئنسر اسد ندیم مغل بھی گرفتار
Asad Nadeem Mughal arrested
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ڈکی بھائی کی گرفتاری کے بعد ایک اور معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اسد ندیم مغل کو بھی لاہور ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر متحرک شخصیات کیخلاف آن لائن جوا کیس میں کارروائیاں جاری ہیں، اسد ندیم مغل شارجہ سے لاہور نجی ایئرلائن کے ذریعے پہنچے تھے۔ امیگریشن کاؤنٹر پر سسٹم چیکنگ کے دوران ان کا نام ریکارڈ پر موجود نکلا جس کے بعد ایف آئی اے حکام نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسد ندیم پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے آن لائن جوا ایپ کی تشہیر اور فروغ میں کردار ادا کیا۔ مزید یہ کہ ان کے مبینہ طور پر ڈکی بھائی سے روابط کے شواہد بھی سامنے آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آن لائن جوا کیس میں متعدد انفلوئنسرز کیخلاف مقدمات پہلے ہی درج ہو چکے ہیں، جس کے باعث نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اس پورے اسکینڈل کی تفصیلی تحقیقات کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاکر حکیم شہزاد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

قانونی ماہرین کے مطابق اگر الزامات درست ثابت ہو گئے تو اسد ندیم سمیت دیگر ملوث افراد کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین اس پیشرفت پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں اور اس اسکینڈل کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔