ڈکی بھائی کی ضمانت؟ عدالت نے فیصلہ سنا دیا
Pakistani YouTuber Ducky Bhai
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کو جوا اور بیٹنگ ایپلیکیشنز کی تشہیر کے مقدمے میں بڑا جھٹکا لگا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے ان کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے ضمانت مسترد کر دی۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ڈکی بھائی نے غیر قانونی ایپلیکیشنز کی تشہیر سے مالی فائدہ اٹھایا اور عوام کو بھی ان ایپس میں پیسہ لگانے پر آمادہ کیا، جس سے لوگوں کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔ عدالت نے وکیل استغاثہ کے دلائل سے اتفاق کیا اور ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔

یاد رہے کہ ڈکی بھائی کو 17 اگست کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کیخلاف مقدمہ NCCIA  لاہور کی جانب سے ریاست کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں سیکشن 13 (الیکٹرانک جعلسازی)، سیکشن 14 (الیکٹرانک فراڈ)، سیکشن 25 (اسپیم) اور سیکشن 26 (اسپوفنگ) شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مشہور یوٹیوبر رجب بٹ کے ہاں بچے کی پیدائش

یہ مقدمہ 13 جون کو شروع ہونے والی ایک انکوائری کی بنیاد پر بنایا گیا تھا۔ تحقیقات میں سامنے آیا کہ بعض یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز جوا اور بیٹنگ ایپلیکیشنز کی تشہیر کر کے مالی فوائد حاصل کر رہے ہیں۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ سعد الرحمٰن نے مختلف ایپس بشمول بنومو، 1XBet، بیٹ 365 اور B9 گیم وغیرہ کو اپنے یوٹیوب چینل پر پروموٹ کیا۔

سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق عوام نے ان اشتہارات پر اعتماد کرتے ہوئے اپنی محنت کی کمائی ان ایپس میں لگائی اور نقصان اٹھایا۔