
تفصیلات کے مطابق رجب بٹ کی اہلیہ ایمان رجب نے لاہور کے ایک نجی اسپتال میں بیٹے کو جنم دیا۔ اس موقع پر اہل خانہ بھی ان کے ساتھ موجود تھے اور نومولود بچے اور والدہ کی دیکھ بھال میں مصروف رہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں رجب بٹ کو اپنے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جب انہیں بیٹے کی پیدائش کی خبر ملی۔ ویڈیو میں وہ نہ صرف جذباتی انداز میں اپنے خاندان کی مبارکباد وصول کرتے ہیں بلکہ اہلیہ ایمان رجب سے بات کرتے ہوئے ان سے اپنی پاکستان واپسی کیلئے دعا کرنے کی درخواست بھی کرتے ہیں۔ یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور مداحوں نے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
رجب بٹ نے بعد ازاں ایک وی لاگ میں اس خوشی کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کے سب سے یادگار اور خوشگوار لمحات میں سے ایک ہے۔ مداحوں نے ان کے فیملی کنٹینٹ اور خاندانی اقدار پر مبنی ویڈیوز کو ہمیشہ سراہا ہے، اب ان کے بیٹے کی آمد کو ان کی فیملی کیلئے خوشی کا اضافہ قرار دیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ رجب بٹ اپنی فیملی ولاگنگ کی بدولت مقبولیت حاصل کر چکے ہیں، جن میں اکثر ان کے والدین، بہن بھائی اور قریبی دوست شامل ہوتے ہیں۔ ان کی اہلیہ ایمان رجب بھی ویڈیوز میں نمایاں کردار ادا کرتی رہی ہیں، جس نے مداحوں کو ان کے سفر سے مزید قریب کیا۔
واضھ رہے کہ کچھ عرصے سے ں رجب بٹ کو مختلف تنازعات کا سامنا رہا ہے۔ چند ماہ قبل ان پر توہینِ مذہب کے الزامات لگائے گئے جس کے بعد انہیں سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا اور ملک چھوڑنا پڑا۔
ابتدائی طور پر وہ متحدہ عرب امارات منتقل ہوئے لیکن بعد میں برطانیہ میں سکونت اختیار کر لی۔ اس دوران انہوں نے عوام سے معافی تو مانگی مگر اس معاملے پر تفصیل سے بات نہیں کی۔