نازیبا گفتگو کرنے پر ٹک ٹاکر حکیم شہزاد گرفتار
Hakeem Shehzad arrested
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) شجاع آباد میں ٹک ٹاکر اور معجون بیچنے والے حکیم شہزاد لوہا پاڑ کو نازیبا گفتگو کرنے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق سی سی ڈی ملتان کی ٹیم نے چھاپہ مار کر حکیم شہزاد کو ان کے گھر سے حراست میں لیا۔

ذرائع کے مطابق حکیم شہزاد پر الزام ہے کہ وہ ٹک ٹاک پر نازیبا گفتگو اور ویڈیوز شیئر کر رہے تھے، جس پر ان کیخلاف کارروائی کی گئی۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ حکیم شہزاد کو گرفتار کیا گیا ہو، اس سے قبل بھی وہ اسی نوعیت کے الزامات پر حراست میں آ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ حکیم شہزاد لوہا پاڑ گزشتہ سال دانیہ شاہ کے ساتھ شادی کے بعد خبروں کی زینت بنے تھے۔ دانیہ شاہ جو کہ مرحوم معروف ٹی وی اینکر اور مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی بیوہ ہیں۔ انہوں نے عامر لیاقت سے فروری 2022 میں شادی کی تھی، اس وقت ان کی عمر صرف 18 سال تھی۔ تاہم جون 2022 میں عامر لیاقت اچانک انتقال کر گئے۔ ان کی وفات کے دو سال بعد جولائی 2024 میں دانیہ شاہ نے حکیم شہزاد سے دوسری شادی کی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حکیم شہزاد کیخلاف مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

 دوسری جانب ان کی گرفتاری کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، جہاں صارفین مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔