ساتھی اداکار کے نامناسب رویے پر اداکارہ کا انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان
Anjali Raghav quits industry
فائل فوٹو
ممبئی: (ویب ڈیسک) مشہور اداکارہ انجلی راگھو نے ساتھی اداکار اور گلوکار پَون سنگھ کے نامناسب رویے پر انڈسٹری کو ہمیشہ کیلئے خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک پروموشنل تقریب میں گانے سَیّاں سیوا کرے کی لانچنگ کے دوران پَون سنگھ نے انجلی راگھو کے ساتھ اسٹیج پر موجودگی کے دوران غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پَون سنگھ نے انجلی کی کمر پر ان کی اجازت کے بغیر ہاتھ رکھا اور ان سے غیر مناسب انداز میں مذاق بھی کیا۔

یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں اور صارفین نے پَون سنگھ پر سخت تنقید کی، کئی صارفین نے کہا کہ انجلی واضح طور پر اَن کمفرٹیبل محسوس کر رہی تھیں، مگر وہ اسٹیج پر موجود ماحول کی وجہ سے فوری ردعمل نہ دے سکیں۔ کچھ صارفین نے پَون سنگھ کو بھوجپوری انڈسٹری کی بدنامی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب اداکارہ انجلی راگھو نے واقعے کے بعد ایک لائیو سیشن میں کہا کہ وہ اس رویے پر بےحد افسردہ اور دلبرداشتہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مایا علی کا باربار شادی کے مشورے دینے والوں کو دو ٹوک جواب

 

 

انہوں نے کہا میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب بھوجپوری انڈسٹری میں مزید کام نہیں کروں گی، یہ میرا حتمی فیصلہ ہے، کیونکہ میرا وقار سب سے بڑھ کر ہے۔

انجلی کے اس اعلان کے بعد انڈسٹری میں ہلچل مچ گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے بھوجپوری فلم انڈسٹری کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اگر اس طرح کے واقعات پر قابو نہ پایا گیا تو مستقبل میں کئی باصلاحیت فنکار انڈسٹری کو چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے۔