مایا علی کا باربار شادی کے مشورے دینے والوں کو دو ٹوک جواب
 پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مایا علی نے بار بار شادی کے مشورے دینے والوں کو دو ٹوک جواب دے دیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مایا علی نے بار بار شادی کے مشورے دینے والوں کو دو ٹوک جواب دے دیا۔

حال ہی میں اداکارہ مایا علی ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے نجی زندگی، کیریئر ، محبت اور شادی سے متعلق کھل کر اظہار خیال کیا۔

محبت سےمتعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مایا علی نے محبت کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے جواب دیا کہ ہر انسان کو کبھی نہ کبھی محبت ہوتی ہے مجھے بھی ہوئی لیکن لازمی نہیں کہ جن سے محبت ہو وہ حاصل بھی ہو جائے۔

مایا کا کہنا تھا کہ یہ بھی لازمی نہیں کہ میں محبت کے معاملے میں ہمیشہ ٹھیک رہی ہوں، ممکن ہے کہ میں کسی کے لیے موزوں نہ رہی ہوں ، میں بھی تو غلط ہو سکتی ہوں۔

اداکارہ نے محبت کے حوالے سے مبہم الفاظ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محبت میں دیکھنا چاہیے کہ محبت صحیح انسان سے ہوئی یا غلط انسان سے اور ساتھ ہی یہ بھی خیال رکھنا چاہیے کہ ہر بار دوسرا شخص غلط نہیں ہوتا، محبت اچھا جذبہ ہے، ہر کوئی محبت کرتا ہے، میں نے بھی کی۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مایا علی نے جواب دیا کہ میں لوگوں کے دباؤ میں آکر شادی نہیں کر سکتی ، جب ہونی ہوگی ہوجائے گی، میں صرف اس لیے شادی نہیں کر سکتی کہ لوگ کہتے رہتے ہیں کہ عمر نکلی جا رہی ہے، فلاں شخص اچھا ہے، فلاں سے شادی کرلو۔

مایا علی نے کہا کہ جو لوگ بار بار دوسروں کو شادی کے مشورے دیتے ہیں، وہی لوگ خدا پر بھی توکل رکھتے ہیں اور وہ جانتے ہیں ہر چیز خدا کی طرف سے ہوتی ہے تو پھر شادی کے معاملے پر وہ بار بار کیوں سوالات کرتے ہیں؟

اداکارہ نے مزید کہا کہ شادی کے مشورے دینے والوں کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہر چیز اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہوتی ہے اور شادی بھی ایسا ہی معاملہ ہے، جب اللہ نے چاہا تو میری شادی بھی ہوجائے گی۔

یاد رہے کہ مایا علی ماضی میں بھی شادی نہ کرنے پر کھل کر بات کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ انہیں اب تک شادی نہ کرنے پر طعنے بھی ملتے رہتے ہیں۔