محرم میں فلمیں ریلیز کرنے پر عمران عباس پھٹ پڑے
Imran Abbas
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) عمران عباس نے اسلامی مہینے محرم الحرام کے شروع ہونے پر فلموں اور موسیقی کے مواد کی ریلیز کے بارے میں غم و غصے کا اظہارکیا ہے۔

عمران عباس نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں شوبز انڈسٹری اور عوام سے درخواست کی کہ وہ محرم، رمضان اور ربیع الاول جیسے مقدس مہینوں کے احترام کا خیال رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں پاکستان ٹیلی وژن (PTV) محرم کے ابتدائی 10 دنوں میں، خاص طور پر عاشورا تک، موسیقی سے خالی نشریات پیش کرتا تھا۔ عاشورا امام حسینؑ نواسۂ رسول حضرت محمد ﷺ  کی شہادت کا دن ہے، جو کربلا میں حق و صداقت کے لیے قربان ہوئے۔

عمران عباس کا کہنا تھا کہ  "میں نے پہلے کبھی نہیں سنا کہ پاکستان میں محرم کی پہلی تاریخ کو کوئی فلم پیش کی گئی ہو۔ یہ فرقہ واریت کا مسئلہ نہیں، بلکہ ایک مسلمان کی حیثیت سے کچھ مہینے اور مخصوص تاریخیں ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔" 

اداکار نے انتباہ کیا کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو وہ وقت دور نہیں جب لوگ محرم کی پہلی تاریخ کو اسلامی نئے سال کی خوشی میں جشن منائیں گے۔

انہوں نے ممکنہ طور پر فلم "سردار جی 3" کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واحد فلم ہے جو محرم کی پہلی تاریخ کو ریلیز ہوئی اور جس میں پاکستانی کاسٹ بھی شامل ہے۔"بے شک فلم کی کاسٹ جوابدہ نہیں، کیونکہ اداکار کا کام محض کردار نبھانا ہوتا ہے۔ لیکن ریلیز کی تاریخ چند دن آگے پیچھے کی جا سکتی تھی۔ اس سے فلم کی کامیابی پر کوئی اثر نہ ہوتا۔"

دیگر فنکاروں اور مداحوں نے بھی ان کے خیالات کی تعریف کی۔

سینیئر اداکارہ سکینہ نے موجودہ زمانے میں روحانی شعور کی کمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنی آواز بلند کی۔

I have never experienced movies being released on the 1st of Muharram before in Pakistan... It s not a matter of Shia or...

Posted by Imran Abbas on Saturday 28 June 2025

"نہ کوئی عزت، نہ کوئی جذبات۔ ہم آئندہ نسلوں کو کیا نمونہ فراہم کر رہے ہیں؟ کیا اب بے حسی کو ترقی پسندی سمجھا جانے لگا ہے؟"

انہوں نے مزید کہا کہ : "چاہے آپ شیعہ نہ ہوں، ان 10 دنوں کی اہمیت اپنے بچوں کو بتانا نہ بھولیں یہ قربانی، حق پر قائم رہنے، اور ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کی مثال ہیں۔"

اداکار شان بیگ نے عمران عباس کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا:

"میں آپ کے خیال سے پوری طرح متفق ہوں۔ مسلمان ہونے کی حیثیت سے، محرم جیسے ماہ ہمارے لیے مقدس ہونے چاہئیں چاہے فرقہ کوئی بھی ہو، ادب اور احترام سب کے لیے ضروری ہیں۔"