ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی فلم کا ٹریلر وائرل
Hania Aamir
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک): پاکستانی سپر اسٹار ہانیہ عامر کو باقاعدہ طور پر گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ آنے والی فلم سردار جی 3کے ٹریلر میں دیکھا گیا ہے، جس سے ان کی فلم سے نکالے جانے کی قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں۔

دلجیت نے اتوار کی شام ٹریلر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے اس بات کی تصدیق کی کہ ہانیہ عامر فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔

فلم 27 جون کو ریلیز کی جائے گی، لیکن حالیہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث یہ فلم بھارت میں ریلیز نہیں کی جائے گی اور نہ ہی اس کا ٹریلر انڈیا میں یوٹیوب پر دستیاب ہے۔

یاد رہے کہ یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ 22 اپریل کو پہلگام حملے کے بعد ہانیہ عامر کو فلم سے نکال دیا گیا ہے اور ان کی جگہ کسی اور اداکارہ کو لیا جائے گا۔

پہلگام حملے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے، اور بھارتی فلم انڈسٹری میں پاکستانی اداکاروں پر مکمل پابندی کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔ تاہم ان حالات کے باوجود فلم میں پاکستانی اداکار ناصر چنیوٹی، دانیال خاور اور سلیم البیلا بھی شامل ہیں، جو ہانیہ عامر کے ہمراہ نظر آئیں گے۔

 

یہ بھی پڑھیں:ہمایوں سعید کا فلم لو گُرو کی ٹکٹوں کی قیمت آدھی کرنے کا عندیہ

واضح رہے کہ فلم میں پاکستانی اداکاروں کی موجودگی کے باعث، فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز (FWICE) نے رواں ماہ کے آغاز میں سنسر بورڈ (CBFC) سے مطالبہ کیا کہ فلم کو سرٹیفکیٹ جاری نہ کیا جائے۔

فلمسازوں نے مزید تنازعات سے بچنے کے لیے فلم کو بھارتی سنیما گھروں میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اگرچہ بھارت میں ٹریلر بلاک ہے، بھارتی مداح فلم کے گانے اور ٹیزرز اب بھی آن لائن دیکھ سکتے ہیں۔

ہانیہ عامر نے بھارتی آپریشن سندور پر تنقید کی تھی، جس کے بعد ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی بھارت میں بلاک کر دیا گیا تھا۔