اداکار راشد محمود پر مشتعل افراد کا تشدد، شناختی کارڈ چھین کر فرار
 پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار راشد محمود کو رحیم یار خان میں مشتعل افراد نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
فائل فوٹو
رحیم یار خان: (ویب ڈیسک) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار راشد محمود کو رحیم یار خان میں مشتعل افراد نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکا راشد محمود کی گاڑی سے سامنے سے آنیوالی موٹرسائیکل ٹکرا گئی جس پر جائے حادثہ پر موجود افراد مشتعل ہو گئے اور انہوں نے سینئر اداکارپر تشدد کیا جس کے نتیجے میں ان کے چہرے اور سینے پر گہری اندرونی چوٹیں آئیں۔

رپورٹ کے مطابق راشد محمود نے بتایا کہ میں اپنی اہلیہ کو لینے رحیم یار خان کی جانب جا رہا تھا کہ اس دوران موٹر وے سے رحیم یار خان انٹرچینج کے قریب ایک سڑک پر شیخ زید پل کے پر پہنچے، پل کے سامنے ایک ڈھلوان اور مٹی کا ٹیلہ تھا۔

اداکار کے مطابق اسی جگہ پر ایک موٹر سائیکل تیز رفتاری سے سامنے سے آئی جس پر ایک مرد، تین خواتین اور دو بچے سوار تھے جو ان کی گاڑی سے ٹکرا گئے ، اس افسوسناک صورتحال پر میں خوفزدہ ہو گیا۔

راشد محمود نے بتایا کہ حادثے کے بعد موٹر سائیکل سوار تمام افراد ایک جانب گر گئے تاہم کسی کو شدید چوٹ نہیں آئی ، اسی دوران قریبی افراد نے موقع پر پہنچ کر مجھ پر دھاوا بول دیا اور مجھے تشدد کا نشانہ بنایا، میری گاڑی کو نقصان پہنچایا اور شناختی کارڈ و دیگر چیزیں چھین کر فرار ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکار پرکاش راج نے نریندر مودی کو بے شرم قرار دیدیا

ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر موجود ایک نیک دل انسان نے میری مدد کی اور مجھے ہجوم سے بچا کر محفوظ مقام تک لے گیا اور پولیس کو اطلاع دی، بعد ازاں مجھے پولیس اسٹیشن سے کال موصول ہوئی جس میں پولیس نے رہائش اور فون نمبر کی تفصیل لی ۔

راشد محمود نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس واقعے کے بعد شدید صدمے کی کیفیت میں ہوں،اگر میرے ساتھ کوئی اور ہوتا تو شاید میں اس افسوسناک حملے سے بچ جاتا۔

راشد محمود کے مداحوں اور شوبز انڈسٹری کی شخصیات نے اس واقعے پر گہرے رنج کا اظہار کیا کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے واقعے کی مکمل تحقیقات اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔