ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی نئی فلم "لو گرو" کے ٹریلر نے دھوم مچادی
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان اور صف اول کے فنکار ہمایوں سعید کی نئی فلم
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان اور صف اول کے فنکار ہمایوں سعید کی نئی فلم لَو گرو کے ٹریلر نے فلم انڈسٹری میں تہلکہ مچا دیا۔

فلم لو گرو واسع چودھری کی تحریر کردہ ہے جبکہ نجی میڈیا گروپ کے اونر سلمان اقبال نے اس فلم کو پروڈیوس کیا ہے، ہمایوں سعید، شہزاد نصیب اور جرجیس سیجا بھی پروڈکشن ٹیم کا حصہ ہیں۔

فلم اداکار ہمایوں سعید اور ماہرہ خان مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جبکہ مومنہ اقبال، میرا سیٹھی، سوہائے علی ابڑو، عمارہ ملک، عدنان شاہ ٹیپو، مرینہ خان، عینی زیدی، عثمان پیرزادہ اور جاوید شیخ بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

فلم میں سینئر اداکاروں کی موجودگی کے باعث فلم بینوں کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، فلم کا ٹریلر اتوار 4 مئی کو ریلیز کیا گیا جس نے آتے ہی سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا۔

ٹریلر میں خوبصورت مناظر، شاندار پکچرائزیشن، دلچسپ مکالمے اور زبردست اداکاری نے فلم بینوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی، فلم کو پاکستان اور برطانیہ کے خوبصورت مقامات پر عکس بند کیا گیا ہے۔

فلم  لو گرو  رواں برس عیدالاضحیٰ پر سینما گھروں کی زینت بنے گی، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ فلم نہ صرف شائقین کو ہنسانے میں کامیاب ہوگی بلکہ پاکستانی سینما میں بھی ایک نئی بلندی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔

فلم "لو گرو" کے ٹریلر کے بعد سوشل میڈیا پر فلمی شائقین کا جوش و خروش دیدنی ہے، ٹوئٹر (ایکس)، انسٹاگرام اور فیس بک پر صارفین نے ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی جوڑی کو ایک بار پھر بڑے پردے پر دیکھنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

بیشتر صارفین نے ٹریلر کی پکچرائزیشن، مکالموں اور لوکیشنز کو سراہا اور کہا کہ یہ فلم پاکستانی سینما کے معیار میں بہتری کی علامت ہے۔

کچھ صارفین نے ماہرہ خان کی اداکاری کو "دلچسپ اور قدرتی" قرار دیاجبکہ ہمایوں سعید کے بارے میں کہا کہ "یہ کردار ان پر بالکل جچ رہا ہے۔"