غنا علی نے دین کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ غنا علی نے دین اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ غنا علی نے دین اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔

اداکارہ غنا علی کا شمار پاکستان کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے، غنا فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مختلف پوسٹس کے ذریعے اپنے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائے رکھتی ہیں۔

اب اداکارہ غنا علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سٹوری کے ذریعے ایک اہم اعلان کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔

غنا علی نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں کہا کہ میں اللہ کی خاطر شوبز انڈسٹری سے دوری اختیار کررہی ہوں، مجھے اور میرے اہلِ خانہ کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں۔

اداکارہ کا یہ پیغام دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے غنا کے فیصلے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ غنا علی نے 2015 ء میں ڈراما ’عشق آوے‘ سے شوبز انڈسٹری کی دنیا میں قدم رکھا تھا، اس کے بعد انہوں نے مختلف ڈراموں جاندار اداکاری سے اپنی منفرد پہچان بنائی۔

غنا علی ’عشق آوے، میں کملی، آپ کے لیے، سنگدل، دھڑکن، سایہ دیوار بھی نہیں، بےشرم، احساس سمیت مختلف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں ، ان کا ہر کردار ناظرین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہا اور انہوں نے اپنی اداکاری کے ذریعے مداحوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔

اداکارہ نے 2017 میں سلور سکرین پر قدم رکھا اور ’رنگریزہ‘ میں معاون کردار نبھایا مگر یہ فلم باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے نہ گاڑ سکی۔