متنازع بیان، رجب بٹ نے صحن حرم میں کھڑے ہو کر معافی مانگ لی
معروف پاکستانی ٹک ٹاکر و وی لاگر رجب بٹ نے اپنے متنازع بیان پر خانہ کعبہ کے صحن میں کھڑے ہو کر معافی مانگ لی۔
فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی ٹک ٹاکر و وی لاگر رجب بٹ نے اپنے متنازع بیان پر خانہ کعبہ کے صحن میں کھڑے ہو کر معافی مانگ لی۔

رجب بٹ نے فوٹو اینڈیو ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ خانہ کعبہ کے صحن میں احرام کی حالت میں موجود دکھائی دے رہے ہیں۔

مذکورہ ویڈیو میں رجب بٹ نے درود پاک اور پھر کلمہ پڑھ کر اپنی بات کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ میرا مال، جان، والدین، اولاد اور خون کا ایک ایک قطرہ نبی پاک ﷺ پر قربان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میرے حوالے سے جو مسئلے مسائل چل رہے ہیں میں اس پاک جگہ پر حلفا کہتا ہوں کہ جو کچھ بھی ہوا وہ میں نے جان بوجھ کر نہیں کیا، مجھ سے جو کچھ بھی لاعلمی میں ہوا ۔

رجب بٹ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر میں نے پہلے بھی معذرت کی اور ایک بار پھر ہاتھ جوڑ کر معذرت کرتا ہوں اور میری درخواست ہے کہ اپنے دلوں کو میرے لیے صاف کرلیں۔

انہوں نے علما ئے کرام، پنجاب حکومت اور پاک فوج سے اپیل کی کہ اُن کے خلاف درج پیکا ایکٹ کے مقدمے پر نظر ثانی کر کے انصاف دلوایا جائے۔

رجب کا کہنا تھا کہ مجھ پر جو دفعہ 295 لگائی جارہی ہے اُس کے حوالے سے میں نے اپنے وی لاگ میں بتایا تھا کہ وہ جھوٹی ہے لیکن لفظ جھوٹا کاٹ کر 295 دفعہ کے حوالے سے فتویٰ دے دیا گیا۔

رجب بٹ نے ویڈیو کے آخر میں کہا کہ میں ایک بار پھر اللہ، اس کے رسولؐ اور تمام مسلمانوں سے معذرت خواہ ہوں۔