ہندو سوشل میڈیا انفلوئنسر کی خانہ کعبہ جانے کی خواہش
Hindu social media influencer Rajiv Adatia
ممبئی:(ویب ڈیسک)ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر راجیو آدتیا نے ایک پوڈکاسٹ کے دوران خانہ کعبہ جانے کی خواہش کا اظہار کرکے سب کو حیران کر دیا ہے۔

اداکارہ اور میزبان ثنا مقبول کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے راجیو نے بتایا کہ انہیں ہمیشہ سے بیت اللہ شریف جانے کا شوق رہا ہے۔

راجیو آدتیا کا کہنا تھا کہ میں ہندو ہوں، لیکن خانہ کعبہ ہمیشہ سے میرے دل میں دلچسپی کا باعث رہا ہے۔ میں وہاں جانا چاہتا ہوں اور اس کی تاریخ اور ثقافت کو بہت قریب سے دیکھنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر غیر مسلموں کو وہاں جانے کی اجازت ہو تو وہ ضرور جائیں گے۔

گفتگو کے دوران راجیو نے ثنا مقبول سے خانہ کعبہ جانے کے تجربے کے بارے میں دریافت کیا،تو ثنا نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ناقابلِ بیان لمحہ تھا۔ ہر مسلمان کا خواب ہوتا ہے کہ وہ خانہ کعبہ جائے اور اپنے رب کے حضور جھکے۔وہاں جا کر میں بچوں کی طرح رو رہی تھی، یہ ایک دل کو چھونے والا تجربہ تھا، جہاں آپ کی نیت اور دل کی پاکیزگی سب کچھ ہوتی ہے۔

راجیو نے ثنا کی باتوں کو سن کر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ خانہ کعبہ جانا تبھی ممکن ہے جب آپ کو وہاں سے بلایا جائے۔