پاکستانی پہلی اینیمیٹڈ فلم آسکرز اہلیت فہرست میں شامل
The Glass Worker fim poster
لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان کی پہلی ہینڈ میڈ اینی میٹڈ فلم ’دی گلاس ورکر‘ نے آسکر ایوارڈز 2025ء کیلئے اپنا نام فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے کچھ عرصہ پہلے ہی فلم ’دی گلاس ورکر‘ کو آسکر ایوارڈز 2025ء کیلئے ’بہترین بین الاقوامی فیچر فلم‘ کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا تھا۔

اب 97 ویں دی اکیڈمی ایوارڈز نے آسکرز ایوارڈز 2025ء کی نامزدگیوں کی اہلیت رکھنے والی چند بہترین فلموں کی فہرست کا اجرا کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حالیہ جاری ہونے والی اس فہرست میں اس پاکستانی فلم کو 2 مختلف کیٹیگریز کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ان کیٹیگریز میں ’بین الاقوامی فیچر فلمیں‘ اور ’اینی میٹڈ فیچر فلمیں‘ شامل ہیں۔

ذہن نشین رہے کہ اس فلم  کو ’اینی میٹڈ فیچر فلم‘ کیٹیگری میں نامزدگی حاصل کرنے کیلئے دیگر 30 بین الاقوامی فلموں سے مقابلہ کرنا ہے،جبکہ ’بین الاقوامی فیچر فلم‘ کیٹیگری میں شامل ہونے کیلئے اور آسکر کی دوڑ میں نام بنانے کیلئے دنیا بھر سے منتخب ہونے والی 86 فلموں سے مقابلے کا سامنا ہے، جس میں بھارتی فلم ’لاپتہ لیڈیز‘ بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ یہ فلم غیبلی اسٹوڈیو سے متاثر ہو کر فلمائی گئی ہے، ہینڈ اینی میٹڈ فلم میں ایک نوجوان ونسنٹ اور اس کے والد ٹامس کی اصل کہانی دکھائی گئی ہے، جو ملک میں شیشے کی بہترین ورکشاپ کا کام کرتے ہیں اور اپنی زندگی کو آنے والی ایسی جنگ میں گھرا ہوا دیکھتے ہیں جس میں وہ خود بالکل بھی حصّہ نہیں لینا چاہتے۔

بعد ازاں ایک فوجی کرنل اور اس کی نوجوان باصلاحیت وائلنِسٹ بیٹی ایلیز کی قصبے میں آمد کے بعد ان دونوں باپ بیٹے کے رشتے کی حقیقت کو ہلا کر رکھ دیتی ہے اور باپ بیٹے کے رشتے کو ایک بڑے امتحان میں ڈال دیتی ہے۔

یاد رہے کہ یہ فلم رواں سال 26 جولائی کو سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔