
اداکارہ نرگس پر شوہر انسپکٹر ماجد بشیر کے مبینہ تشدد کے خلاف لاہور پولیس نے تشدد اور قتل کی دھمکیوں کا مقدمہ درج کر لیا، گھریلو تشدد کا یہ افسوسناک واقع اداکارہ کی لاہور کے علاقے ڈیفنیس میں واقع رہائش گاہ پر پیش آیا، اداکارہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے شوپر ماجد بشیر نے سرکاری پستول کے ساتھ ان پر تشدد کیا، بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں، اداکارہ کی مدعیت میں تھانہ ڈیفینس سی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر متن کے متن کے مطابق اداکارہ نرگس کا مؤقف ہے کہ ان کا شوہر انسپکٹر ماجد بشیر ان کی جائیداد کے کاغذات، نقد رقم اور فارم ہاؤس اپنے نام کروانا چاہتا تھا، اس کے علاوہ ملزم 9 کینال کا پلاٹ بھی ہڑپنا چاہتا تھا، اداکارہ کی جانب سے انکار کرنے پر شوہر تیش میں آ گیا اور اداکارہ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، ملزم نے گھریلو ملازمین اور اداکارہ کے بھانجے کے سامنے تشدد کیا، ملزم نے سرکاری پستول سے اداکارہ کے چہرے پر لگاتار وار کیے اور کمرے میں بند کر دیا۔
ایف آئی آر متن کے مطابق اداکارہ نے مزید بتایا کہ ان کا شوہر نماز فجر کے بعد گھر آیا، شوہر نے گھر آتے ہی بھاری رقم کا مطالبہ کیا اور مریم نامی خاتون کو گھر لانے کی خواہش کا اظہار کیا، ادکارہ کے انکار پر دونوں کے درمیان جھگڑے کی شروعات ہوئی۔
نرگس نے الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر نے دھمکی دی کہ اگر اداکارہ نے ان کو فارم ہاؤس، سونا اور مزید نقد رقم نہ دی تو وہ ان کو قتل کر دے گا۔
دریں اثناں اداکارہ کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے جس میں وہ تشدد کے باعث اپنے جسم پر پڑنے والے زخموں کو دکھا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ اداکارہ نرگس پر تشدد کا واقعہ جمعہ کی صبح پیش آیا لیکن تاحال ان کے خاوند ملزم انسپکٹر ماجد بشیر کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
واضح رہے کہ اداکارہ نرگس نے چند برس پہلے انسپکٹر ماجد بشیر سے شادی کی تھی اور شوبز کو خیر باد کہہ کر بیوٹی سیلون چلا رہی ہیں۔
قبل ازیں پولیس کا کہنا تھا کہ جھگڑے کے بعد اداکارہ نرگس تھانے بھی آئیں لیکن انہوں نے کوئی درخواست نہیں دی تھی۔