تہذیب حافی کا 'کبھی میں کبھی تم' ڈرامے میں انوکھا رول
Tehzeeb Hafi
لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ نے 10 سال بعد ڈرامہ سیریل میں کبھی میں کبھی تم کے ساتھ اسکرین پر واپسی کرکے دھوم مچا دی ہے۔

فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر کی شاندار اداکاری اور تہذیب حافی کے لکھے گئے شاعرانہ مکالمے اس ڈرامے کی کہانی میں ایک نیا رنگ بھرتے ہیں۔اردو زبان سمجھنے والے شائقین میں،چاہے وہ پاکستان سے ہوں،بھارت یا بنگلہ دیش سے ہوں،سب میں ہی ڈرامہ سیریل نے مقبولیت کا نیا باب رقم کر دیا ہے۔اس ڈرامہ کی کامیابی کا اندازہ یوٹیوب پر نشر ہونے والی قسطوں پر بھارتی شائقین کے جوشیلے کمنٹس سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ سیریل نجی ٹی وی چینل پر نشر کی جا رہی ہے،اب تک اس کی 32 اقساط شائقین کے سامنے آ چکی ہیں۔ ڈرامہ کی کہانی میں مسلسل تبدیل ہوتے موڑ اور سنسنی نے لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔

حال ہی میں ڈرامے کے اوریجنل ساؤنڈ ٹریک(او ایس ٹی) کو تبدیل کرکے نئی موسیقی اور اشعار کا اضافہ کیا گیا ہے،جس نے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔نئے گانے "سجنا دا دل توڑیا" کی شمولیت نے کہانی میں مزید تھرل پیدا کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ اس او ایس ٹی کو پاکستان کے معروف کوک اسٹوڈیو کے گلوکار ذیشان علی نے گایا ہے،جبکہ اس کے جذباتی بول مشہور شاعر تہذیب حافی نے لکھے ہیں۔

ڈرامے کے او ایس ٹی کو 22 اکتوبر کو یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا تھا،محض چند دنوں میں ہی یہ 3 ملین سے زیادہ بار سنا جا چکا ہے۔مداحوں کی طرف سے ملنے والے اس بھرپور رسپانس نے یہ ثابت کیا ہے کہ کبھی میں کبھی تم صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی اپنی دھاک بٹھا رہا ہے۔

اس ڈرامے کی شہرت کا یہ عالم ہے کہ لوگ اس کے ہر نئے موڑ کا شدت سے انتظار کرتے ہیں اور جیسے ہی کوئی نئی قسط یوٹیوب پر آتی ہے،ہزاروں کی تعداد میں شائقین اسے دیکھنے کیلئے امڈ آتے ہیں۔