سلمان خان کی سیکیورٹی میں غفلت
Security of Bollywood actor Salman Khan
ممبئی:(ویب ڈیسک)سلمان خان سے جڑی ایک بڑی خبر ہے۔ اداکار کی سیکیورٹی میں کوتاہی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
 
انڈین میڈیا کے مطابق سلمان خان سٹوڈیو سے گھر جا رہے تھے کہ ایک موٹر سائیکل سوار زبردستی ان کے قافلے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
 
یہ واقعہ گذشتہ رات باندرہ کے محبوب اسٹوڈیو اور گلیکسی اپارٹمنٹ کے درمیان پیش آیا، جہاں اداکار کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے کئی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
 
پولیس نے بتایا کہ رات تقریباً 12.15 بجے جب قافلہ محبوب سٹوڈیو سے گزرا تو موٹر سائیکل پر سوار عزیر فیض محی الدین نے سلمان کی کار کے قریب جانے کی کوشش کی۔ 
 
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں نے انہیں خبردار کیا لیکن وہ سلمان خان کی گاڑی کی طرف آتا رہا۔ 
 
 سلمان خان کے گھر پہنچنے کے بعد پولیس کی دو گاڑیوں نے موٹر سائیکل سوار کا پیچھا کیا اور اسے روک کر پوچھ گچھ کی۔ تفتیش کے دوران باندرہ ویسٹ کے رہنے والے محی الدین نے پولیس کو بتایا کہ وہ کالج کا طالب علم ہے۔
 
خیال رہے کہ اس سال اپریل میں، بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے دو موٹر سائیکل سوار افراد نے سلمان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر فائرنگ کی تھی۔ جس کے بعد تحقیقات کی گئی اور مہاراشٹر کے سی ایم ایکناتھ شندے بھی ان سے ملنے اداکار کے گھر پہنچےتھے۔