معروف فلم ہدایتکار الطاف حسین کا انتقال
September, 28 2024
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کے مشہور اور سینئر ہدایتکار الطاف حسین 79 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
الطاف حسین طویل عرصے سے مختلف عارضوں کا شکار تھے اور کچھ عرصہ قبل ان کی طبیعت مزید خراب ہو گئی تھی۔ تاہم انہوں نے بیماری کے باوجود چند روز قبل اپنی نئی پنجابی فلم "تیرے پیار نوں سلام" کی شوٹنگ کا آغاز بھی کیا تھا، لیکن وہ اپنی اس فلم کو مکمل نہ کر سکے۔
الطاف حسین نے اپنے کیریئر میں 80 سے زائد فلموں کی ہدایتکاری کی اور انہیں پاکستان کی فلمی صنعت میں ایک اہم مقام حاصل تھا۔
ان کی مشہور فلموں میں دھی رانی، مہندی، رانی بیٹی راج کرے گی، اک پاگل سی لڑکی، صاحب جی، مرد سالا صاحب، دنیا، چار خون کے پیاسے، حسن کا چور، اور چوہدری بادشاہ شامل ہیں۔
ان کی فلمیں پاکستانی سینما کے سنہری دور کی یادگاریں سمجھی جاتی ہیں اور ان میں پیش کیے گئے موضوعات اور کہانیوں نے شائقین کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑا۔
الطاف حسین کی فلموں میں سماجی مسائل اور انسانی جذبات کو عمدگی سے پیش کیا جاتا تھا، جو انہیں دیگر ہدایتکاروں سے منفرد بناتا تھا۔ وہ نہ صرف پنجابی بلکہ اردو فلموں میں بھی اپنی ہدایتکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور انہوں نے فلم انڈسٹری میں کئی نئے اداکاروں کو متعارف کرایا جو آج بھی انڈسٹری کا حصہ ہیں۔
ان کے انتقال پر فلمی اور شوبز حلقوں میں گہرا رنج و غم پایا جاتا ہے۔ کئی نامور شخصیات نے ان کی موت کو پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور وہ اپنے فن اور کام کی بدولت فلمی دنیا میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
الطاف حسین اپنے پسماندگان میں ایک بیٹا، ایک بیٹی اور بیوہ چھوڑ کر گئے ہیں۔ ان کی وفات سے فلم انڈسٹری ایک عظیم فنکار اور ہدایتکار سے محروم ہوگئی ہے۔
ضرور پڑھیں
گرین لینڈ میں کون سا خزانہ چھپا ہوا ، جس پر ٹرمپ کی نظر ہے؟
January, 14 2025
تاریخ کے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری، ایک پاکستانی بھی شامل
January, 12 2025
ٹیکنالوجی کا شاہکار، بجلی کے بغیر چلنے والا ٹی وی ایجاد
January, 12 2025
اوورسیز پاکستانی کی شادی میں خصوصی کنٹینر کا اہتمام، نوٹوں کی برسات
January, 12 2025