طویل مدتی انتظار کے باوجود مرزا پور کا سیزن 3 مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہا ہے، ایمیزون پرائم پر ریلیز کے فوراً بعد مرزاپور سیزن 3 کا بےصبری سے انتظار کرنے والے مداحوں نے ایک ہی دن میں تقریباً تمام اقساط مکمل دیکھ لی ہیں۔
بہت سے مرزا پور شائقین کو تیسرا سیزن دیکھ کر مایوسی ہوئی، زیادہ تر شائقین نے مرزا پور کے مین کردار منا بھیا (دیوینندو) کے بغیر تیسرے سیزن کو بورنگ قرار دے دیا۔
مرزا پور کے دوسرے سیزن کے اختتام میں سیریز کے اہم کردار منا بھیا (دیوینندو) کی موت واقع ہوگئی تھی اور قالین بھیا (پنکج ترپاٹھی) شدید زخمی تھے۔
مرزا پور سیزن 3، 10 اقساط پر مشتمل ہے جس میں گڈو بھیا (علی فضل) اور گولو (شویتا ترپاٹھی شرما) کو مرزا پور کے تخت پر قبضہ جمانے کے بعد اپنی طاقت سے مزہ لوٹتے ہوئے دکھایا گیا، دریں اثنا قالین بھیا (پنکج ترپاٹھی) اپنے بیٹے منا بھیا (دیوینندو) کی موت پر سوگ مناتے ہوئے نظر آئے، تاہم مرزا پور کے مداحوں کو کچھ خاص نہ بھائی اور اسٹوری لائن کچھ غیر دلچسپ لگی۔
ایکس پر ایک صارف نے تیسرے سیزن کو ڈیزاسٹر قرار دے دیا اس نے ایکس پر لکھا کہ پنکج ترپاٹھی تیسرے سیزن میں صرف ایک شو پیس کی طرح نظر آئے، مزید لکھا کہ مرزا پور سیزن 3 بنانے والے نے سیریز فلماتے وقت اس بات کا خیال نہیں رکھا کہ اس کے مرکزی کرداروں کو ان کی مکمل صلاحیت کے مطابق کیسے استعمال کیا جائے ۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ مرزا پور کا سیزن 3 پورا دیکھ کر شدید مایوسی ہوئی، میں نے 9 گھنٹے مرزا پور سیزن 3 پر لگا دیے، پہلے 6 گھنٹے صرف بہت سارے کریکٹرز کھڑے کرنے میں صرف کیے گئے، یہ سیزن توجہ حاصل نہی کرسکا، قالین بھیا کا جاندار کریکٹر کچھ خاص نظر نہیں آیا، بہت ہی ناقص اسکرین پلے تھے ۔
کچھ صارفین نے بتایا کہ سیزن 3 کی دسویں اور آخری قسط کا آغاز ہوتا ہے تو کہانی میں حیران کن موڑ متعارف کرائے گئے ہیں۔ صارفین کا مزید کہنا ہے کہ حیران کن اور پور تجسس مناظر کے ساتھ 10ویں قسط ختم ہوتی ہے جس نے صارفین کے دلوں میں ایک بار پھر مرزاپور سیریز کے چوتھے سیزن کے لیے دلچسپی جگا دی ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی ویب سیریز ’مرزا پور‘ پہلی بار 2018 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کو شائقین کی جانب سے بے انتہا پسند کیا گیا تھا، ویب سیریز کے دوسرے سیزن کیلئے مداحوں نے بہت زیادہ بے صبری سے انتظار کیا تھا، 2020 میں اس کے دوسرے سیزن کو ریلیز کیا گیا تھا جس کے بعد شائقین کو تیسرے سیزن کا شدت سے انتظار تھا۔