
کوئی بھی انسان کینسر میں مبتلا ہو تو ڈاکٹرز اسے اپنے بال کٹوانے کا مشورہ دیتے ہیں، یہ انتہائی تکلیف دہ وقت ہوتا ہے، اسی مشکل وقت سے دوچار حنا خان نے بھی دل سوز ویڈیو اپنے چاہنے والوں سے شیئر کی جس سے مداح غمزدہ ہوگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر بالی ووڈ اداکارہ حنا خان نے ویڈیو جاری کی جس میں انہیں ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھا گیا، ویڈیو میں انہیں اپنے گھنے لمبے بالوں کو کاٹتے دیکھا گیا، اس دشوار وقت میں بالی ووڈ اداکارہ کی والدہ کی سسکیوں بھری آواز بھی مداحوں پر قیامت ڈھاتی معلوم ہوئی جو اپنی آنکھوں کے سامنے اپنی بیٹی کو اس تکلیف میں دیکھ رہی تھیں۔
آنکھیں آنسو سے بھری ہوئی، چہرے پر جذبات لیے اس پورے لمحے حنا خان کا حوصلہ اور انکی ہمت قابل تعریف تھی جو اپنی والدہ کو بھی ہمت دیتے نظر آرہی ہیں۔
دلوں کو چھوجانے والی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے طویل نوٹ بھی لکھا جس میں انکا کہنا تھا کہ آپ میری والدہ کے رونے کی آواز سن سکتے ہیں۔
بالی ووڈ اداکارہ حنا خان نے خواتین کے حوصلہ کو سراہتے ہوئے لکھا کہ،’خاص طور پر خواتین کے لیے جو ایک ہی جنگ لڑ رہی ہیں، انہوں نے لکھا کہ مجھے معلوم ہے یہ وقت بہت مشکل ہوتا ہے ہمارے بال وہ تاج ہیں جو ہم کبھی نہیں کھونا چاہتے، انہوں نے لکھا کہ اپنا فخر، اپنا تاج آپ کو جیتنا بھی پسند ہو لیکن پھر بھی آپ کو مشکل فیصلے لینے ہوتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ’ فیصلہ کیا ہے کہ اس جنگ کو جیتنے کے لیے ہر طرح کی ممکن کوشش کروں گی۔ بالی ووڈ اداکارہ حنا خان نے بتایا کہ میں نے اپنےخوبصورت بالوں کو گرنے سے پہلے ہی چھوٹے کرنے کا فیصلہ کیا، میں اس ذہنی خرابی کو برداشت نہیں کرنا چاہتی تھی اس لیے یہ فیصلہ کیا۔ لہذا میں نے اپنے اس تاج کو چھوڑنے کا انتخاب کیا کیونکہ مجھے لگا کہ میرا اصل تاج میری ہمت اور میری طاقت ہے۔
حنا خان نے ہمت کا مطاہرہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بال واپس آجائیں گے، بھنویں واپس آجائیں گی، نشانات ختم ہوجائیں گے، لیکن میری روح پوری طرح برقرار رہے گی۔
حنا خان نے مزید لکھا کہ میں اپنی کہانی، اپنے اس تکلیف دہ سفر کو ریکارڈ کر رہی ہوں، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ میری کوششیں ہر ایک تک پہنچیں۔
انہوں سے اس دلخراش پوسٹ کے آخر میں مداحوں سے دعا کی درخواست بھی کی ہے۔