کپل شرما شو کی 'دادی' نے حج کی سعادت حاصل کرلی
Image
 
مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کے مشہور ٹی وی شو "دی کپل شرما شو" میں دادی کا کردار نبھانے والے اداکار علی اصغر نے حج کی سعادت حاصل کرلی ہے۔
 
یہ جان کر آپ حیران ہوں گے کہ کپل شرما تو ہندو ہیں، تو ان کی دادی مکہ مکرمہ کیسے پہنچ گئیں؟ 
 
دراصل، کپل شرما شو میں دادی کا کردار ایک مسلم اداکار علی اصغر نے ادا کیا تھا، اور یہی علی اصغر اب حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔
 
 
 
علی اصغر نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ احرام باندھے کلاک ٹاور کے سامنے کھڑے ہیں۔ 
 
اس پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا، "اللہ کی ٹائمنگ سب سے زیادہ بہترین ہوتی ہے، جمعہ مبارک"۔
 
اس سے قبل علی اصغر نے خانہ کعبہ کی تصویر بھی شیئر کی تھی اور لکھا تھا، "یا اللہ ہم پر اپنے رحم کی بارش فرما"۔
 
یاد رہے کہ علی اصغر بھارتی انٹرٹینمنٹ چینل "اسٹار پلس" کے مشہور ڈرامے "کہانی گھر گھر کی" میں کمل اگروال کے کردار سے شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے ڈرامہ سیریز "ایف آئی آر" میں انسپیکٹر راج آریان کا کردار بھی نبھایا۔
 
اگرچہ علی اصغر کو کمل اگروال کے کردار سے پہچان ملی، لیکن انہیں منفرد شناخت دلانے والا پروگرام "دی کپل شرما شو" ہی ثابت ہوا۔
 
 اس شو میں علی اصغر نے دادی کا کردار ادا کیا، جو ناظرین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔ ان کی بہترین اداکاری کی وجہ سے لوگ یہ بھول ہی گئے کہ دادی کا کردار ایک مرد اداکار نے نبھایا ہے۔
 
بعدازاں، اس شو میں علی اصغر "پشپا نانی" کے کردار میں بھی نظر آئے، جو ناظرین کو پسند آیا لیکن دادی جتنا مقبول نہ ہوسکا۔
 
علی اصغر کی حج کی سعادت حاصل کرنے کی خبر ان کے مداحوں کے لیے ایک خوشی کی بات ہے۔ 
 
ان کی یہ روحانی سفر ان کے لیے اور ان کے مداحوں کے لیے ایک خاص اہمیت رکھتا ہے، اور ہم دعاگو ہیں کہ ان کا حج قبول ہو اور وہ خیریت سے واپس لوٹیں۔