عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 4 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں
عالمی جریدے بلوم برگ کے اعداد و شمار کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل برینٹ کروڈ 74.80 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ ہوا جو بعد میں مزید کمی کے بعد تقریباً 73.8 ڈالر فی بیرل تک نیچے آگیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ خام تیل کی قیمت مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے بعد پہلی بار 75 ڈالر فی بیرل سے نیچے آئی ہے جو فروری کے اواخر میں امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ کشیدگی شروع ہونے سے پہلے کی سطح کے قریب ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا رجحان امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز سے تیل بردار جہازوں کی آمدورفت معمول پر آنے کے باعث ہے۔
علاوہ ازیں واشنگٹن کی جانب سےتہران پر عائد پابندیوں میں 60 روز کی نرمی کے بعد ایرانی خام تیل کی برآمدات میں ممکنہ اضافے کے باعث بھی عالمی مارکیٹ میں رسد بڑھنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز میں آمدورفت بحال، تیل کی قیمتوں میں مزید کمی
اگرچہ اس وقت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے تاہم توانائی کے شعبے کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے۔
ماہرین کے مطابق کشیدگی میں اضافہ ہونے یا آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی آسکتی ہے۔