عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، نیچرل گیس کی قیمت بھی بڑھ گئی
تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں 4 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 102.87 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح برطانوی برینٹ آئل کی قیمت میں بھی تیزی دیکھی گئی، برینٹ خام تیل 3.78 ڈالر مہنگا ہو کر 108.79 ڈالر فی بیرل پر جا پہنچا، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اس اضافے کو توانائی کے شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں کو متاثر کر سکتا ہے، اس کے اثرات ٹرانسپورٹ، صنعتی پیداوار، بجلی کی لاگت اور عام صارفین تک پہنچنے والی اشیا کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
دوسری جانب نیچرل گیس کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق نیچرل گیس کی قیمت 1.73 فیصد اضافے کے بعد 3.53 ڈالر سے اوپر چلی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کی پٹرولیم لیوی ہدف میں 18 فیصد اضافے کی سفارش
معاشی ماہرین کے مطابق توانائی کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ پہلے سے دباؤ کا شکار عالمی معیشت کے لیے مزید مشکلات کاباعث بن سکتا ہے، خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی نئی لہر جنم لے سکتی ہے، خاص طور پر ان ممالک میں جہاں ایندھن درآمد کیا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں قیمتوں کا یہ رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں پٹرولیم مصنوعات اور توانائی اخراجات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔