پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری
Petrol price increase Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے عوام پر ایک اور بوجھ ڈالتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا۔

وزارت توانائی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 32 پیسے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا، یہ قیمتیں آئندہ 13 روز تک نافذ العمل رہیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں ردوبدل عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور درآمدی لاگت میں اتار چڑھاؤ کے باعث کیا گیا ہے۔

حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ سیکٹر پر براہ راست اثر پڑنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

ماہرین معاشیات کے مطابق ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے مال برداری کے اخراجات میں اضافہ ہوگا، جس کا بوجھ بالآخر عام شہری کو برداشت کرنا پڑے گا۔

شہریوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔

یہ بھی پڑھیں:رمضان میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

 

 

 

دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ معاشی استحکام اور مالیاتی ضروریات کے پیش نظر بعض اوقات ایسے فیصلے ناگزیر ہو جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ ہر 15 روز بعد لیا جاتا ہے، جن میں عالمی منڈی کی صورتحال کے مطابق ردوبدل کیا جاتا ہے۔