تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید سے پاکستان گھی ملز مالکان کی ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور معیار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ رمضان المبارک میں تمام برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل پر فی کلو یا فی لٹر پیکٹ کی قیمت میں 10 سے 16 روپے تک رعایت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔ اس سلسلے میں صنعت کاروں نے بھی حکومت کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صارفین تک پہنچ سکے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان میں ہر فرد تک معیاری اور رعایتی نرخوں پر گھی اور آئل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں مزید کمی آتی ہے تو انڈسٹری اور اتھارٹی کے درمیان مشاورت کے بعد عوام کو فوری طور پر اضافی ریلیف دیا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیاری گھی کی فراہمی کے لیے مارکیٹ میں جدید اور مؤثر نظام متعارف کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ٹرانس فیٹی ایسڈ کی مقدار کو کم کرنے کے لیے سستے اور جدید طریقے دستیاب ہیں، جنہیں اپنانے سے نہ صرف مصنوعات کا معیار بہتر ہوگا بلکہ عوام کی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ گھی کی کوالٹی اور ٹیسٹنگ کے عمل کو جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔ ناقص اور غیر معیاری گھی کی مارکیٹ میں سپلائی پر سخت کارروائی کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔