ورلڈ بینک کا پاکستان کے دس سالہ ترقیاتی پروگرام کیلئے حمایت کا اعادہ
ورلڈ بینک نے پاکستان کے دس سالہ ترقیاتی پروگرام کے لیے حمایت کا اعادہ کر دیا۔
فائل فوٹو
ریاض: (سنو نیوز) ورلڈ بینک نے پاکستان کے دس سالہ ترقیاتی پروگرام کے لیے حمایت کا اعادہ کر دیا۔

وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب سے سعودی عرب میں ورلڈ بینک کی مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی ) اینا بجردے کی سالانہ الولا کانفرنس برائے ایمرجنگ مارکیٹ اکانومی کے موقع پر ہوئی، الولا کانفرنس میں ابھرتی ہوئی معیشتوں کو درپیش اہم معاشی مسائل اور مواقع پر بات کی جاتی ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک اور ترقیاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران توانائی، تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور مالیاتی اصلاحات پر بھی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران ایم ڈی عالمی بینک اینا بجرڈے نے پاکستان کے 20 ارب ڈالر کے دس سالہ ترقیاتی پروگرام کے لیے ورلڈ بینک کی حمایت کا اعادہ کیا، اینا بجرڈے نے پروگرام کے ترقیاتی اثرات کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لئے مؤثر عمل درآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: قطر کا پاکستانیوں کیلئے دس سالہ ویزہ پروگرام کا آغاز

اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے متعلقہ وفاقی وزارتوں کے ذریعے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے زور دیا کہ بہتر کوآرڈینیشن اور بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومتوں کا کردار اور تعاون ضروری ہے۔