ابتدائی تخمینوں کے مطابق پیٹرول 36 پیسے فی لیٹر سستا ہو سکتا ہے، تاہم ڈیزل استعمال کرنے والے صارفین کیلئے یہ خبر تشویشناک ہے کیونکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 47 پیسے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے کی تجاویز سامنے آئی ہیں۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 45 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں تقریباً 7 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ تجاویز پیٹرولیم انڈسٹری کی جانب سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ارسال کیے گئے ورکنگ پیپر کا حصہ ہیں۔
انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز میں کمی کرتی ہے تو عوام پر پڑنے والا مالی بوجھ کسی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ تاہم قیمتوں میں رد و بدل کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم شہباز شریف کی مشاورت سے کرے گی، جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمتوں میں اچانک حیران کن کمی
سفارشات کی منظوری کی صورت میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 257.08 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 266.55 روپے فی لیٹر تک جا سکتی ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت 253.17 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 252.81 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا براہ راست اثر مہنگائی اور ٹرانسپورٹ کرایوں پر پڑ سکتا ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔