سونے کی قیمت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
Gold price hike Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی نمایاں طور پر سامنے آئے ہیں، جہاں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 500 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 73 ہزار 362 روپے تک جا پہنچی۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 429 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 72 ہزار 25 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب چاندی کی قیمتوں نے بھی غیر معمولی اونچی چھلانگ لگا دی، مقامی مارکیٹ میں چاندی کی فی تولہ قیمت 240 روپے اضافے کے بعد 7 ہزار 945 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جو حالیہ برسوں کی بلند ترین قیمتوں میں شمار کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان

عالمی مارکیٹ میں بھی قیمتی دھاتوں کے نرخوں نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چاندی کی قیمت میں 3.6 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 75.14 ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

اسی طرح عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بھی بڑھ کر 4 ہزار 530 ڈالر فی اونس کی تاریخی سطح کو چھو گئی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا میں شرح سود میں کمی نہ کی گئی تو عالمی سطح پر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے اثرات پاکستانی مارکیٹ پر بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔