کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے بعد انڈیکس 167,229 پوائنٹس پر پہنچ گیا جو سرمایہ کاروں کیلئے خوش آئند ثابت ہوا۔
جمعہ کے روز اسٹاک مارکیٹ میں 1,304 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ انڈیکس 166,677 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے بعد پیر کو مارکیٹ میں تیزی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید تقویت دی، تیزی کے اس رجحان کے بعد مارکیٹ میں شمولیت اور سرمایہ کاری کی دلچسپی میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔
دوسری جانب تبادلہ مارکیٹ میں بھی روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی، ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 5 پیسے کی کمی ہوئی، ڈالر 280.45 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
اس کمی کے نتیجے میں پاکستانی روپے کی بین الاقوامی سطح پر قدر میں اضافہ ہوا، جو درآمدی اشیاء کی قیمتوں پر بھی مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی اور ڈالر کی قیمت میں کمی دونوں معاشی استحکام اور سرمایہ کاری کیلئے خوش آئند علامات ہیں۔ سرمایہ کار اس رجحان کو مثبت قرار دے رہے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ مارکیٹ میں مزید بہتری آنے کے امکانات موجود ہیں۔