سونے کی قیمتوں میں کمی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
gold price drop
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی اور مقامی سونے کی مارکیٹوں میں ہفتے کے روز قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 6 ڈالر فی اونس کمی کے بعد 4 ہزار 001 ڈالر کی سطح پر آگئی۔

عالمی مارکیٹ کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی پڑے جہاں 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت 600 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 22 ہزار 462 روپے ہوگئی۔ اسی طرح فی 10 گرام سونا 514 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 62 ہزار 193 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی قیمتوں میں کمی کے بعد مقامی طلب میں بھی معمولی کمی دیکھی جا رہی ہے، تاہم ملکی سطح پر ڈالر کی قیمت اور عالمی منڈی کے رجحانات آئندہ ہفتوں میں سونے کے نرخوں پر مزید اثر ڈال سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایک ہفتے کے دوران 18 اشیائے ضروریہ مہنگی، 12 سستی

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر معاشی استحکام اور ڈالر کی قدر میں معمولی بہتری نے سونے کی قیمتوں پر دباؤ ڈالا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی اور مقامی دونوں مارکیٹوں میں سونے کی قیمتیں مستحکم رہی تھیں، تاہم ہفتے کے آغاز پر کمی کا رجحان سامنے آیا۔

سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی معیشت میں استحکام برقرار رہا تو سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔