سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی/ فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) ایک روز کی چمک کے بعد سونا دوبارہ مدھم پڑگیا۔ عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے جس سے خریداروں کے چہرے کھل اٹھے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 1000 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 18 ہزار 862 روپے پر آگیا۔ دس گرام سونا بھی 857 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 59 ہزار 106 روپے کا رہ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کمی

چاندی کے نرخوں میں تاہم کوئی تبدیلی نہیں ہوئی جو 5 ہزار 34 روپے فی تولہ پر برقرار ہیں۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی یہی رجحان دیکھا گیا ہے جہاں فی اونس سونا 10 ڈالر کمی کے بعد 3 ہزار 965 ڈالر کی سطح پر آگیا۔

ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور عالمی معاشی غیر یقینی نے سونے کے داموں کو ایک بار پھر نیچے کی سمت دھکیل دیا ہے۔انکا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔