لاہور: گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں استحکام
رواں ہفتے گھی کی کم سے کم قیمت فی کلو 420 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ 520 روپے تک ریکارڈ کی گئی ہے
رواں ہفتے گھی کی کم سے کم قیمت فی کلو 420 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ 520 روپے تک ریکارڈ کی گئی/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور شہر میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہوگیا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق رواں ہفتے گھی کی کم سے کم قیمت فی کلو 420 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ 520 روپے تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح کوکنگ آئل کی کم سے کم فی کلو قیمت 550 روپے اور زیادہ سے زیادہ 590 روپے تک برقرار ہے۔ ایک ماہ کے دوران دونوں اشیاء کی قیمتوں میں اوسطاً 4 سے 5 روپے فی کلو اضافہ ہوا، تاہم گزشتہ چند دنوں سے نرخوں میں مزید تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔

یہ بھی پڑھیں: خالص سونے کی پہچان کیا ہے؟ یہ نشانیاں ضرور دیکھیں

تاجروں اور دکانداروں کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت میں معمولی اتار چڑھاؤ کے باوجود مقامی مارکیٹ نسبتاً مستحکم رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں استحکام اور حکومتی اقدامات کے باعث درآمدی لاگت میں نمایاں کمی آئی ہے جس سے مقامی سطح پر گھی اور آئل کی قیمتوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ قیمتوں میں استحکام ایک مثبت پیش رفت ہے مگر اب بھی گھی اور کوکنگ آئل عام صارف کی پہنچ سے باہر ہیں۔ ان کے مطابق چند ماہ قبل یہی اشیاء نسبتاً کم قیمت پر دستیاب تھیں لیکن عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور ٹرانسپورٹ اخراجات بڑھنے سے گھریلو بجٹ پر بوجھ بڑھ گیا ہے۔
مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں گھی اور آئل کی قیمتوں کا انحصار عالمی مارکیٹ کے رجحانات، ڈالر ریٹ، اور حکومتی درآمدی پالیسیوں پر ہوگا۔ اگر حکومت خوردنی تیل پر ٹیکس میں کمی یا سبسڈی جاری رکھتی ہے تو قیمتوں میں مزید کمی ممکن ہے۔