چکن کی قیمتوں میں ایک پھر بڑا اضافہ
Chicken meat price hike
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت ایک بار پھر بڑھ گئی، جس سے شہریوں میں تشویش اور غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت 450 سے 500 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جبکہ سرکاری نرخنامے کے مطابق اس کی قیمت 390 روپے فی کلو مقرر ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں اور کسی قسم کا حکومتی کنٹرول دکھائی نہیں دے رہا، نرخنامے صرف کاغذوں تک محدود ہیں، جبکہ مارکیٹ میں ان پر کوئی عمل درآمد نہیں ہو رہا۔

شہریوں نے الزام لگایا کہ مقامی انتظامیہ مہنگائی روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، روزانہ کی بنیاد پر مرغی کے نرخ بڑھائے جا رہے ہیں، جس سے عام آدمی کی پہنچ سے یہ بنیادی غذائی چیز بھی دور ہوتی جا رہی ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور مارکیٹ میں کنٹرول ریٹ پر سختی سے عمل درآمد کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔

برائلر گوشت کی بڑھتی ہوئی قیمتیں پولٹری فارمز کے اخراجات اور سپلائی چین کے مسائل سے بھی جڑی ہو سکتی ہیں، جن پر حکومت کو فوری توجہ دینا ہوگی۔