
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں 23 ہزار 600 روپے کا بڑا اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 46 ہزار 300 روپے پر جا پہنچی۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے آغاز پر فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 22 ہزار 700 روپے تھی جبکہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر جمعہ کے روز فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 56 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی گزشتہ ہفتے سونا 267 ڈالر فی اونس مہنگا ہوا، کاروباری ہفتے کے اختتام پر فی اونس سونے کی ٹریڈ 4 ہزار 267 ڈالر پر بند ہوئی۔
ادھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران غیرمعمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، کاروباری ہفتے کے اختتام تک ہنڈرڈ انڈیکس میں نمایاں کمی بیشی کے بعد 708 پوائنٹس کی تیزی رہی اور 100 انڈیکس ایک لاکھ 63ہزار 806 پوائنٹس پر بند ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں نمایاں کمی،خریداروں کے لیے خوشخبری
گزشتہ کاروبار ی ہفتے کے دوران مارکیٹ میں تاریخ کی دوسری بڑی 7 ہزار 32 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، اس ہفتے سٹاک مارکیٹ میں 9 ارب 13 کروڑ حصص کی تجارت ہوئی ، ایک ہفتے کے دوران 277 ارب 87 کروڑ روپے کے کاروباری سودے طے پائے۔
کاورباری ہفتے کے اختتام تک سرمایہ کاروں نے 58 ارب روپے کا منافع کمایا، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 18 ہزار 968 ارب روپے پر بند ہوئی،اس ہفتے سٹاک مارکیٹ میں 8کروڑ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 9کروڑ 34 لاکھ ڈالر کے حصص فروخت کئے جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نیٹ فارن انویسٹمنٹ منفی ایک کروڑ 34لاکھ ڈالر رہی۔