
لاہور میں مرغی کا گوشت 3 روپے اضافے کے بعد 442 روپے فی کلو تک پہنچ گیا، جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت بھی 322 روپے فی درجن ہو گئی۔ انڈوں کی پیٹی 9 ہزار 540 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ صافی گوشت 640 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق زندہ برائلر کا فارم ریٹ 277 روپے، تھوک ریٹ 291 روپے اور پرچون ریٹ 305 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ فیڈ، بجلی اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ قیمتوں کو اوپر لے جا رہا ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں پہلے سے ذبح شدہ مرغی کے گوشت کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی۔ نئے احکامات کے مطابق اب مرغی فروش صرف گاہک کے سامنے تندرست زندہ مرغی ذبح کر کے فروخت کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں پھر بڑا اضافہ، نیا ریکارڈ بن گیا
انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد غیر معیاری اور بیمار مرغیوں کے گوشت کی فروخت کو روکنا ہے۔
شہریوں نے حکومت پنجاب کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک احسن اور عوامی مفاد میں اٹھایا گیا قدم ہے۔
عوام کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مارکیٹوں میں باقاعدہ چیکنگ کا عمل بھی تیز کیا جائے تاکہ عوام کو محفوظ اور تازہ گوشت فراہم کیا جا سکے۔