
تفصیلات کے مطابق قرعہ اندازی نمبر 34 کا انعقاد پشاور میں ہوا۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ پہلا انعام ایک خوش قسمت جیتنے والے کے حصے میں آیا ہے جسے 8 کروڑ روپے کی بھاری رقم دی جائے گی۔ دوسرا انعام تین جیتنے والوں کو 3،3 کروڑ روپے فی کس دیا جائے گا جبکہ تیسرا انعام 660 شرکاء کے لیے رکھا گیا ہے جنہیں 5 لاکھ روپے فی کس کے طور پر انعام دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سٹیٹ بینک کی مالی سال 25-2024 کی معاشی صورتحال کی رپورٹ جاری
نیشنل سیونگز کے مطابق تمام انعامی رقم براہ راست جیتنے والوں کے رجسٹرڈ بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔ اس کے لیے کسی اضافی فارم یا علیحدہ درخواست کی ضرورت نہیں، صرف معمول کی تصدیق درکار ہوگی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس جدید نظام سے شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے اور جعلی دعووں کے امکانات تقریباً ختم ہو چکے ہیں۔
نیشنل سیونگز سینٹر کے مطابق 40,000 روپے پریمیم پرائز بانڈ (رجسٹرڈ) پاکستان میں محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری کے طور پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ یہ بانڈ ہر تین ماہ بعد قرعہ اندازی میں شامل ہوتا ہے جبکہ ساتھ ہی ہر چھ ماہ بعد منافع کی ادائیگی بھی فراہم کرتا ہے، جو اسے دیگر بچت اسکیموں سے ممتاز بناتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پریمیم بانڈ کی سب سے بڑی خوبی اس کی رجسٹرڈ ملکیت ہے۔ ہر بانڈ سرمایہ کار کے نام پر درج ہوتا ہے، جس سے نہ صرف دھوکہ دہی کے خدشات کم ہوتے ہیں بلکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھتا ہے۔ یہ نظام سرمایہ کاری کے عمل کو مزید محفوظ اور شفاف بناتا ہے۔
نیشنل سیونگز حکام نے مزید کہا کہ پریمیم پرائز بانڈ ایک ایسا منفرد امتزاج ہے جس میں منافع، انعام اور رجسٹریشن تینوں سہولتیں شامل ہیں۔ یہ اسکیم خاص طور پر ان افراد کے لیے موزوں ہے جو مستقل منافع کے ساتھ بڑے انعامات جیتنے کا موقع بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔