اسٹاک مارکیٹ میں اضافہ، ایک ہی دن میں تین سنگ میل عبور
Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کاروباری ہفتے کے آخری روز نئی تاریخ رقم کردی۔

مارکیٹ نے پہلی بار ایک ساتھ 1 لاکھ 60 ہزار، 61 ہزار اور 62 ہزار پوائنٹس کی حدیں عبور کرلیں، جس کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

جمعے کے روز کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں غیر معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 2873 پوائنٹس بڑھ کر 162154 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔ یہ اضافہ اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے، جو ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ نے نئی بلندی چھوتے ہوئے پہلی بار 159000 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کیا تھا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی، حکومتی پالیسیوں اور معاشی بہتری کی امیدوں نے مارکیٹ میں نئی روح پھونک دی ہے۔

کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ اس غیرمعمولی تیزی سے نہ صرف سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔

اگر یہ رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں مزید نئے سنگ میل عبور ہونے کی توقع ہے، جو ملکی معیشت کے استحکام کیلئے نیک شگون ہوگا۔