ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ
 ملک بھر میں آٹےکی قیمتوں کو پَر لگ گئے، ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کے نرخوں میں 300 روپے کا اضافہ ہو گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں آٹےکی قیمتوں کو پَر لگ گئے، ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کے نرخوں میں 300 روپے کا اضافہ ہو گیا۔

پاکستان ادارہ شماریات کے تازہ رپورٹ کے مطابق کراچی میں آٹا تمام شہروں سے زیادہ قیمت میں فروخت ہو رہا ہے ، شہر قائد کے باسی 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 100 روپے میں خریدنے پر مجبورہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کراچی، لاڑکانہ اور خضدار میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کے نرخوں میں 300 روپےتک کا اضافہ ہوا جبکہ حیدرآباد اور سکھر میں آٹے کی 20کلو کی بوری 280 روپے تک مہنگی ہوئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلےکی قیمت 210 روپے تک بڑھی جبکہ جڑواں شہروں اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، بنوں اور ملتان میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے تک مہنگا ہوا، شہر اقتدار میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2 ہزار روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ، نان روٹی بھی مہنگی ہونے کا خدشہ

اسی طرح سرگودھا میں 160 روپے اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 120 روپےتک مہنگا ہو کر 1720 روپے میں بیچا جارہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بہاولپور میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 166.66 روپے اور گوجرانوالہ میں 83 روپے جبکہ سیالکوٹ میں آٹے کے 20 کلوکے تھیلے کی قیمت میں 83 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔