ملک بھر میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
Gold price in Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد قیمتی دھات نئی بلندی پر جا پہنچی۔

آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 4100 روپے مہنگا ہوکر 3 لاکھ 59 ہزار 800 روپے کا ہوگیا۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3515 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 8 ہزار 470 روپے مقرر کردی گئی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتِ حال اور ڈالر کے مقابلے میں دیگر کرنسیوں کی کمزوری نے سونے کی طلب بڑھا دی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے،جس کے بعد فی اونس سونا 41 ڈالر مہنگا ہوکر 3371 ڈالر تک جا پہنچا، جس نے سرمایہ کاروں اور تاجروں کی توجہ ایک بار پھر اس قیمتی دھات کی طرف مبذول کرادی ہے۔

واضح رہے کہ عالمی اور مقامی سطح پر سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ عام خریداروں کیلئے مشکلات بڑھا رہا ہے، جبکہ سرمایہ کاری کے اعتبار سے یہ سونا خریدنے کا نیا رجحان پیدا کر رہا ہے۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔