لاہور: چینی بحران بے قابو، تھوک مارکیٹ میں چینی نایاب ہو گئی
صوبائی دارالحکومت لاہور میں چینی بحران بے قابو ہو گیا، تھوک مارکیٹ میں چینی کی فراہمی نہ ہونے کے برابر رہ گئی۔
فائل فوٹو
لاہور: (فیصل خان) صوبائی دارالحکومت لاہور میں چینی بحران بے قابو ہو گیا، تھوک مارکیٹ میں چینی کی فراہمی نہ ہونے کے برابر رہ گئی۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق ضلعی حکومت کی شوگر مافیا کے خلاف کارروائیاں بے سود ہو گئیں، پرچون بازاروں میں چینی کی دستیابی نا ہونے کے برابر رہ گئی، اکبری منڈی میں روزانہ چینی کا صرف ایک ٹرک آنے لگا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ تھوک فروشوں کو چینی سرکاری ایکس مل ریٹ 165 روپے فی کلو پر مل رہی ہے لیکن پرچون فروش چالان کے ڈر سے چینی سرکاری ریٹ 173 روپے فی کلو پر بیچ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے وسط میں حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان معاملات طے پا گئے تھے اور حکومت کی جانب سے چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی جبکہ تمام صوبائی حکومتوں کو فیصلے کی روشنی میں عوام کو سستی چینی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

خیال رہے کہ مئی تا جولائی کے دوران ملک سے 7 لاکھ 65 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی جس سے 112 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل ہوئی تاہم برآمدات نے مقامی مارکیٹ میں چینی کی دستیابی کو متاثر کیا جس کے باعث اس کی قیمتوں میں بے قابو اضافہ ہوا۔