عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
oil prices drop globally
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ، جو کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس کی جانب سے ستمبر میں پیداوار بڑھانے کے فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے۔

پیر کے روز کاروباری سرگرمیوں کے دوران برینٹ کروڈ کی قیمت میں 18 سینٹ یا 0.26 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد فی بیرل قیمت 69.49 ڈالر تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ بھی 12 سینٹ یا 0.18 فیصد کمی کے ساتھ 67.21 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا نظر آیا۔

ذہن نشین رہے کہ دونوں کنٹریکٹس جمعہ کو تقریباً 2 ڈالر فی بیرل کی کمی پر بند ہوئے تھے۔

اوپیک اور اس کے اتحادی ممالک نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ ستمبر کے دوران خام تیل کی یومیہ پیداوار میں 5 لاکھ 47 ہزار بیرل اضافہ کیا جائے گا، تاکہ مارکیٹ میں ان کا شیئر برقرار رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:ایل پی جی سستی، گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 209 روپے سے زائد کی کمی

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ کاغذی طور پر پیداوار میں اضافہ کیا جا رہا ہے، لیکن عملی طور پر یہ اضافہ 1.7 ملین بیرل یومیہ تک محدود رہنے کا امکان ہے، کیونکہ کچھ رکن ممالک نے پہلے کیے گئے اضافے کے بعد پیداوار میں کمی کر دی تھی۔

عالمی سطح پر یہ فیصلہ تیل کی طلب و رسد میں توازن قائم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے، مگر قیمتوں میں حالیہ کمی سرمایہ کاروں اور توانائی مارکیٹ پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔