
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے 74 پیسے کی کمی کی گئی ہے جبکہ 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 209 روپے 24 پیسے سستا ہو گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا کہ ماہ اگست کے لیے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 541 روپے 36 پیسے مقرر کردی گئی ہے جبکہ اس سے قبل رواں ماہ جولائی میں گھریلو سلنڈر 2 ہزار 750روپے 60 پیسے کا تھا۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 233 روپے مقرر تھی تاہم آئندہ ماہ اگست کے لیے ایل پی جی کی فی کلو قیمت 215 روپے 36 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کیلئے 5 لاکھ کمانے کا سنہری موقع
گھریلو صارفین نے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی پر ردعمل میں اسے عارضی ریلیف قرار دیتے ہوئے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں کمی ضرور ہوئی ہے مگر یہ کمی اتنی نہیں کہ روزمرہ کے اخراجات پر نمایاں فرق ڈال سکے۔
ایک صارف نے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “دو تین دن کی خوشی ہے، پھر کوئی نیا ٹیکس لگا دیں گے۔
دوسری جانب ہوٹل، تندور اور کمرشل ایل پی جی استعمال کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی قابل ستائش ہے مگر حکومت کو یہ سلسلہ برقرار رکھنا ہوگا تاکہ چھوٹے کاروبار دوبارہ مستحکم ہو سکیں۔