پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم
Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جہاں سرمایہ کاروں کے اعتماد اور بھرپور سرمایہ کاری نے 100 انڈیکس کو 1 ہزار پوائنٹس سے زائد بلندی پر پہنچا دیا۔

انڈیکس نے تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 35 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر لیا، جو ملکی معیشت کیلئے ایک مثبت اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔

ٹریڈنگ کے دوران بینکنگ، توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں خاصی سرگرمی دیکھنے میں آئی، جہاں سرمایہ کاروں نے بڑے پیمانے پر شیئرز کی خریداری کی۔ معاشی اشاریوں میں بہتری، آئی ایم ایف کی جانب سے مثبت اشارے اور روپے کی قدر میں استحکام نے مارکیٹ کے رجحان کو مزید سہارا دیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی مالیاتی اصلاحات، اقتصادی استحکام کے اقدامات اور غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق حوصلہ افزا خبریں مارکیٹ پر مثبت اثر ڈال رہی ہیں۔ سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، جس کے باعث مارکیٹ میں نئی جان آ گئی ہے۔

ماہرینِ معیشت کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو اسٹاک مارکیٹ مزید بلندیوں کو چھو سکتی ہے، تاہم سرمایہ کاروں کو تکنیکی سطحوں پر گہری نظر رکھنے اور محتاط حکمت عملی اپنانے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔